باہواں آئی سی سی ورلڈ کپ، میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان میچ (کل) کھیلا جائے گا، میزبان ٹیم جیت کے لئے پرعزم

لیڈز۔ 20جون (اے پی پی)بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں (کل) جمعہ کو مزید ایک میچ کا فیصلہ ہو گا جس میں میزبان انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں لیڈز کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا اور شائقین کرکٹ کو ایک اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے درمیان عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے زبردست جنگ جاری ہے، اسی سلسلے میں (آج) جمعہ کو انگلینڈ اور آئی لینڈرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی اب تک قابل ستائش ہے اور میزبان ٹیم اب تک پانچ میچز کھیل چکی ہے اور چار میچ جیتے جبکہ ایک میچ میں اسکو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم اس وقت 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ آئی لینڈرزکی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چھٹے نمبر پر ہے۔