بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے کم لاگت سے بجلی تیار کرنے کی طرف خصوصی توجہ دینا ہو گی،ترجمان شنیڈر الیکٹرک

144
Schneider Electric
Schneider Electric

فیصل آباد۔ 19 جنوری (اے پی پی):شنیڈر الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ آئندہ 15 سالوں میں انرجی کی ڈیمانڈ دوگنی جبکہ کمی 4گناہو جائے گی لہٰذا بجلی کی پیداوار بڑھانے کےلئے کم لاگت سے بجلی تیار کرنے پر توجہ مرکوز کرناہو گی جس کےلئے دستیاب توانائی کے متبادل ذرائع کو بروئے کار لایا جاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ انرجی کے زیادہ استعمال سے کاربن ڈائی آکسائیڈ و دیگر عناصر اوزون کی سطح کو متاثرکر رہے ہیں جس کے نتیجے میں گلوبل وارمنگ کے باعث موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو کر دنیا میں تباہی کا موجب بن رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شنیڈر کے دستیاب انرجی سلوشنز کے ذریعے توانائی کی کم از کم 30 فیصد بچت ممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں انڈسٹری کے علاوہ دیگر شعبوں میں بچت پر توجہ نہیں دی جا رہی جس کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایاکہ دنیا کی موجودہ 6 بلین آبادی میں سے صرف 2 بلین کو انرجی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت توانائی بحران اور امن و امان سمیت دو بڑے مسائل کا سامنا ہے لہٰذا اگر ان مسائل کو حل کر لیا جائے تو ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کی بچت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے تاہم پیداوار کے ساتھ ساتھ بچت پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شنیڈر الیکٹرک کا ہمیشہ یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ انڈسٹری اور اپنے صارفین کو جدید ٹیکنالوجی اوراس کے استعمال کےلئے راغب کرتا ہے تاکہ ان کی کار کردگی اور پیداواری صلاحیت میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکے اور وہ اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی معیارکے مطابق تیاری کے بعد مارکیٹ میں فروخت کےلئے بھیج سکیں۔