بحری جہاز پر صنعتوں میں بھٹیوں کے لیے استعمال ہونےوالا سامان ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی بندرگاہ پر پاکستان آنے والے چینی بحری جہاز کو تحویل میں لینے کانوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بحری جہاز پر صنعتوں میں بھٹیوں کے لیے استعمال ہونےوالا سامان ہے،سامان کے فوجی استعمال کے بارے میں بھارتی دعویٰ بے بنیاد ہے۔ہفتہ کو ترجمان نے کہا کہ جہاز ران کمپنی نے بحری جہاز کے معاملے پر پاکستان سے رابطہ کیا ہے۔بحری جہاز پر صنعتوں میں بھٹیوں کے لیے استعمال ہونےوالا سامان ہے اور تمام متعلقہ دستاویزات میں سامان کی پوری تفصیل موجود ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بحری جہاز پر لدا سامان بین الاقوامی ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل نہیں۔بھارتی دعوے کے برعکس سامان سے متعلق کوئی چیز نہیں چھپائی گئی۔ ترجمان دفترخارجہ نے سامان کے فوجی استعمال کے بارے میں بھارتی دعویٰ بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کئی بھٹیاں پاکستان سمیت کئی ممالک میں استعمال ہورہی ہیں۔