برآمدات میں اضافہ معاشی استحکام کےلئے ناگزیر ، وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنانے کے سفرپر گامزن ہیں ، رانا تنویر حسین

وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے

لاہور۔25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ معاشی استحکام کے لیے ناگزیر ہے، زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنانے کے سفرپر گامزن ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز ایکسپوسنٹر لاہور میں منعقدہ ایکسپوفیصل آباد 2026 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ اللہ تعالی نے اس ملک خداد اد کو تمام وسائل سے مالامال کیا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو مثبت طریقے سے بروئے کا ر لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے ، زرعی ترقی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہے،ہمیں پیداوار میں اضافے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گاتاکہ ملک میں خوشحالی لائی جا سکے،حکومت زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے پر عزم اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا اس طرح کی ایکسپو کا انعقاد خوش آئندہے جس سے برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے برآمدات میں نمایاں اضافہ ناگزیر ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی معیشت مضبوط اور پائیدار بنانے میں برآمدات کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی سالانہ تقریبا 41 سے 42 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلاتِ زر کر رہے ہیں جو معیشت کے لیے اہم سہارا ہیں، تاہم صرف ترسیلاتِ زر پر انحصار پائیدار معاشی ماڈل نہیں ، ملکی برآمدات میں اضافے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کے بغیر پاکستان پائیدار معاشی ترقی اور استحکام کی منزل حاصل نہیں کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے فوکس کیا ہوا ہے کس طرح ہم اپنی ایکسپورٹ بڑھا سکتے ہیں جس کے لیے وہ بزنس کمیونٹی کی مشکلات کو کم کررہے ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں جن سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ہمارا بزنس ہب ہے،ہم ایکسپورٹ میں ہمیشہ فیصل آباد کی جانب دیکھتے ہیں،17بلین ڈالر صرف ٹیکسٹائل سے آ تے ہیں ، اس ایکسپو کا انعقادبہت اچھا اقدام ہے ۔ا ن کا کہنا تھا کہ ہم آسان کاروبار کا بھی سسٹم لے کر آئے،ایچ آئی ایف سی کا ادارہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنرمند افرادی قوت نہ صرف ملکی صنعتی پیداوار اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرے گی بلکہ پیداواری لاگت کم کرنے اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقتی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ا ن کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے پاکستان کو اپنی نوجوان نسل کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر توجہ دینا ہوگی تاکہ ہنرمند پاکستانی افرادی قوت بیرونِ ملک بھی بہتر مواقع حاصل کر سکے اور ملک کے لیے مزید زرمبادلہ کما سکے، جب تک ہماری ایکسپورٹ نہیں بڑھے گی ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ اور عالمی حالات کی وجہ سے پاکستان بھی متاثر ہوا ،ہم پر بھی دبائو ہے ،ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا اور اسے آگے لے کر جانا ہے،حکومت آگے بڑھنے کےلئے مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ 60 بلین یو ایس ڈالر تک اپنی ایکسپورٹس لے کر جائیں،پاکستان کو مضبوط بنانے کےلئے یہ بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی معاشی مسئلہ درپیش آتا ہے تو باہر لوگوں کی طرف دیکھتے ہیں اورآئی ایم ایف کی طرف چلے جاتے ہیں،اگر ہم خود کو مضبوط کرلیں تو یہ صورتحال پیدا نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی قوت بنانے کے سفرپر گامزن ہیں،پہلے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اب اسے معاشی قوت بنائیں گے