برسلز۔17اکتوبر (اے پی پی):بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں دہشت گردی کے واقعہ میں سویڈن کے دو شہریوں کی ہلاکت کے بعد بیلجیئم سویڈن یورو 2024 کوالیفائر فٹ بال میچ روک کر منسوخ کر دیا گیا ہے۔ فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک شخص زخمی بھی ہو اہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہو گیا جس کے باعث برسلز میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
بیلجیم کے فیڈرل پراسیکیوٹر کے ترجمان ایرک وین ڈیوئس نے برسلز میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مفرور ملزم کی گرفتاری تک گھروں کے اندر رہیں ۔انہوں نے کہا کہ حملہ آور ہونے کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو میں کہا تھا کہ وہ داعش سے متاثر تھا۔بیلجیم کی پولیس اس وڈیو کے اصلی ہونے کی تصدیق کر رہی ہے۔ بیلجیئم کے حکام کے مطابق واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مقامی اخبار کی طرف سے جاری وڈیو کے مطابق بلیوارڈ ڈی وائی پریز پر میں موٹر سائیکل پر سوار فلوروسینٹ جیکٹ پہنے ایک شخص نے عمارت میں داخل کر فائرنگ کی جس سےکم از کم ایک شخص مارا گیا۔ فائرنگ کے بعد پولیس اور ہنگامی خدمات کے اداروں کے ارکان نے قریبی سڑکوں کو گھیرے میں لے لیا۔بیلجیئم کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد نے سویڈن کی قومی ٹیم سے تعلق رکھنے والی فٹ بال شرٹس پہن رکھی تھیں۔
سویڈش براڈکاسٹرٹی وی سکس کے مطابق، سویڈن کے فٹبالرز نے یوئیفا کو بتایا کہ وہ میچ کا دوسرا ہاف نہیں کھیلنا چاہتے اور بیلجیم کی ٹیم نےبھی ان سے اتفاق کیا۔بیلجیم کے وزیر اعظم اور یوروپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے واقعہ کی مذمت اور ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔