برطانوی ٹینس کھلاڑی جیک ڈریپر دسمبر میں یو ٹی ایس گرینڈ فائنل ایونٹ میں شرکت کے لیے پُرعزم، پیٹرک موراتوگلو

لندن ۔3اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کے ٹینس سٹار جیک ڈریپر کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ دسمبر میں لندن میں ہونے والے یو ٹی ایس گرینڈ فائنل ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔ یو ٹی ایس کے بانی اور مشہور کوچ پیٹرک موراتوگلو نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ جیک ڈریپر اس ایونٹ میں کھیلیں گے۔23 سالہ جیک ڈریپر جو اس وقت مردوں کے سنگلز …

لندن ۔3اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ کے ٹینس سٹار جیک ڈریپر کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ دسمبر میں لندن میں ہونے والے یو ٹی ایس گرینڈ فائنل ایونٹ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔ یو ٹی ایس کے بانی اور مشہور کوچ پیٹرک موراتوگلو نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ جیک ڈریپر اس ایونٹ میں کھیلیں گے۔23 سالہ جیک ڈریپر جو اس وقت مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، بازو کی چوٹ کے باعث رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن کے بعد سے ٹینس کورٹ سے باہر ہیں۔ انہوں نے ومبلڈن اوپن ٹینس کے بعد صرف ایک سنگلز میچ کھیلا اور تکلیف بڑھنے پر سیزن کو قبل از وقت ختم کرنا پڑا۔

پیٹرک موراتوگلو نے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جیک ڈریپر بہت پُراعتماد تھے، اگر ایسا نہ ہوتا تو وہ دعوت نامہ قبول نہ کرتے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ یو ٹی ایس گرینڈ فائنل ایونٹ میں کھیلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بازو میں بون بروئز کی صورت میں مکمل آرام ضروری ہوتا ہے، کیونکہ اس کا اگلا مرحلہ سٹریس فریکچرہو سکتا ہے، جس کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔جیک ڈریپر ان دنوں لندن کے نیشنل ٹینس سینٹر میں اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں، جہاں ان کی تربیت کا محور جسمانی مشقیں ہیں۔

مکمل ٹینس ٹریننگ کا آغاز رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے۔یاد رہے کہ ڈریپر نے یو ایس اوپن میں پہلا راؤنڈ جیتا تھا، لیکن دوسرے راؤنڈ سے قبل ہی دستبردار ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ اے ٹی پی فائنلز میں اپنی ممکنہ پہلی شرکت کا موقع گنوا بیٹھے۔یو ٹی ایس گرینڈ فائنل 5 سے 7 دسمبر تک لندن کے کوپر باکس ارینا میں کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر سے8 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ڈریپر نے یہ ایونٹ 2023 میں جیتا تھا، جو اس وقت ان کے کیریئر کی سب سے بڑی مالی کامیابی تھی۔ رواں سال کے ایونٹ میں نارویجن سٹار اور تین مرتبہ کے گرینڈ سلیم فائنلسٹ کیسپر روڈ بھی میدان میں اتریں گے۔

مزید خبریں