برطانوی کوہ پیما کینٹن کول نے ماؤنٹ ایورسٹ ریکارڈ 20 ویں مرتبہ سر کر لی

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما کینٹن کول نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی 20 ویں بار سر کر کے اپنا ہی ریکارڈ مزید بہتر کر لیا، اور یوں وہ غیر نیپالی کوہ پیماؤں میں دنیا کی بلند ترین چوٹی سب سے زیادہ بار سر کرنے والے پہلے کوہ پیما بن گئے ہیں۔

لندن ۔23مئی (اے پی پی):برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما کینٹن کول نے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی 20 ویں بار سر کر کے اپنا ہی ریکارڈ مزید بہتر کر لیا، اور یوں وہ غیر نیپالی کوہ پیماؤں میں دنیا کی بلند ترین چوٹی سب سے زیادہ بار سر کرنے والے پہلے کوہ پیما بن گئے ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق رواں ماہ موسمِ بہار میں کوہ پیمائی شروع ہونے کے بعد 600 سے زائد کوہ پیما مائونٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں، جنہوں نے مختصر سازگار موسم اور نسبتاً پرسکون ہواؤں سے فائدہ اٹھایا۔سرکاری حکام نے کہا ہے کہ ’اطلاعات ہیں کہ وہ آج صبح سویرے ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچ گئے ہیں۔52 سالہ کوہ پیما کینٹن کول نے پہلی بار 2004 میں مائونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا اور وہ اس کے بعد تقریباً ہر سال کسی نہ کسی مہم میں شامل رہے ہیں، جہاں وہ اپنے کلائنٹس کو 8849 میٹر بلند چوٹی تک لے جاتے ہیں۔انہوں نے 2021 میں اپنی 15ویں کامیابی کے ساتھ ہی غیر نیپالی کوہ پیما ڈیوڈ ہان کا ریکارڈ برابر کر دیا تھا، اور انہوں نے اگلے ہی سال یہ اعزاز اکیلے اپنے نام کر لیا۔نہوں نے 2022 میں اپنی 16ویں چڑھائی کے بعد اے ایف پی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ نیپالی کوہ پیماؤں کی کامیابیوں کے مقابلے میں ان کا ایورسٹ ریکارڈ ’اس قدر شاندار نہیں‘ ہے۔اب تک کم از کم سات نیپالی کوہ پیما 20 سے زیادہ بار مائونٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں۔