لندن ۔29اکتوبر (اے پی پی):برطانیہ پولیس نے چاقو سے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کرنے کے الزام میں افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں ہے۔اردو نیوز کے مطابق لندن پولیس نےبیان میں کہا کہ ایمرجنسی سروسز نے یوکس بریج کے مغربی علاقے میں چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے 49 سالہ شخص کو طبی …
برطانیہ میں چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں افغان شہری گرفتار
لندن ۔29اکتوبر (اے پی پی):برطانیہ پولیس نے چاقو سے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کرنے کے الزام میں افغان شہری کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نہیں ہے۔اردو نیوز کے مطابق لندن پولیس نےبیان میں کہا کہ ایمرجنسی سروسز نے یوکس بریج کے مغربی علاقے میں چاقو کے وار سے زخمی ہونے والے 49 سالہ شخص کو طبی امداد دی تاہم وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا،حملے میں 45 سالہ شخص شدید زخمی ہوا جبکہ 14 سالہ لڑکے کو معمولی چوٹیں آئیں۔پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ جل ہورسفال نےاسے ہولناک اور بغیر کسی وجہ کے تشدد کا واقعہ قرار دیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ وہ اس حملے کو دہشت گردی کے واقعے کے طور پر نہیں دیکھ رہی اور تفتیش کر رہی ہے کہ آیا مشتبہ شخص اور متاثرہ افراد کے درمیان کوئی تعلق تو نہیں تھا۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ مشتبہ شخص 2020 میں ٹرک کے ذریعے برطانیہ آیا اور 2022 میں اسے پناہ ملی۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ کسی ہوٹل یا رہائش گاہ میں مقیم نہیں تھا، جیسا کہ سوشل میڈیا پر غلط دعویٰ کیا جا رہا ہے۔









