وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے برطانیہ کے ہائی کمشنر بین وارنٹن نے ملاقات کی، جس میں پاک-برطانیہ کے درمیان سپورٹس میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
برطانیہ و پاکستان کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں،وزیر کھیل

مزید خبریں
لاہور۔22اپریل (اے پی پی):وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے برطانیہ کے ہائی کمشنر بین وارنٹن نے ملاقات کی، جس میں پاک-برطانیہ کے درمیان سپورٹس میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ بدھ کے روز ہونیوالی ملاقات میں برٹش ہائی کمشنر نے وزیراعلی پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس کے شاندار انعقاد کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ صوبائی وزیر نے اس کامیابی کا کریڈٹ وزیراعلی پنجاب کو دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب میراتھن میں شرکت کرنے والے اتھلیٹس کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، 2024 میں 600، 2025 میں 1500 اور 2026 میں 11000 اتھلیٹس نے رجسٹریشن کروائی جبکہ آئندہ دسمبر میں ہونے والی میراتھن کیلئے ایک لاکھ رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ملک فیصل ایوب نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار یونیورسٹی آف پنجاب سپورٹس سائنسز کے قیام پر کام کیا جا رہا ہے جبکہ انٹرنیشنل سپورٹس سٹی کا منصوبہ پنجاب کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں انسٹیٹیوٹ آف سپورٹس سائنسز میں سپورٹس افسران اور کوچز کو تربیت دی جارہی ہے،پنجاب حکومت نے سپورٹس کے فروغ اور ترقی کیلئے 400ملین روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں پہلا جدید اسکواش کمپلیکس تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جو کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے گا، پاکستان کی بیس بال ٹیم اس وقت انٹرنیشنل رینکنگ میں چھٹے نمبر پر ہے۔ برٹش ہائی کمشنر بین وارنٹن نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان کھیلوں کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں،برطانیہ کی یونیورسٹیز کے ساتھ اشتراک کے ذریعے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکتی ہے،ملاقات میں دونوں اطراف نے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔








