اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):برقی مشینری اور آلات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادو ں پر 89 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات اور سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل 2024 تک کی مدت میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 2.591 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 89 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 1.373 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ اپریل میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات کا حجم 486 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سا ل اپریل کے مقابلہ میں 290 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات پر 125 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔ مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 16 فیصد کا اضافہ ہوا ۔
مارچ میں برقی مشینری اور آلات کی درآمدات کا حجم 420 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو اپریل میں بڑھ کر 486 ملین ڈالر ہو گیا۔واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مشینری گروپ کی مجموعی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 39 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔