بریسٹ کینسر بارے آگاہی وقت کی ضرورت،بروقت تشخیص سے 90 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے، خاتون اول ثمینہ علوی

لاہور۔یکم اکتوبر(اے پی پی )خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر بارے آگاہی پروگرام جاری رہنا چاہیے تا کہ معصوم زندگیوں کو بچایا جا سکے،اگر بروقت تشخیص کی جا سکے تو 90 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ وہ منگل کے روز شوکت خانم میموریل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں ۔ چیف میڈیکل …

لاہور۔یکم اکتوبر(اے پی پی )خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر بارے آگاہی پروگرام جاری رہنا چاہیے تا کہ معصوم زندگیوں کو بچایا جا سکے،اگر بروقت تشخیص کی جا سکے تو 90 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ وہ منگل کے روز شوکت خانم میموریل ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہی تھیں ۔ چیف میڈیکل آفیسر شوکت خانم میموریل ہسپتال آصف یوسف اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خاتون اول نے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ہر سال 40 ہزار خواتین اس مرض کے باعث جاں بحق ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے متعلق آگاہی سیمینار اور پروگرامز کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ عوام کو اس کے احتیاطی تدابیر اور ممکنہ علاج بارے بتایا جا سکے۔ ثمینہ علوی نے بتایا کہ 66 حکومتی اور غیر حکومتی تنظیموں کی مدد سے بریسٹ کینسر کاابتدائی تشخیصی ٹیسٹ ” میمو گرافی ٹیسٹ “ ایک ماہ کےلئے پورے ملک میں فری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی روک تھام کے حوالے سے شوکت خانم ہسپتال کی کاوشیں قابل تعریف ہیں جبکہ ابھی اس بیماری کی تشخیص کےلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تا کہ اس کے بڑھتے ہوئے مریضوں کی وجوہات بارے پتہ چل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرض بارے شوکت خانم میموریل ہسپتال کی آگاہی مہم کو دوسرے شہروں میں بھی لانچ کیا جائے گا تا کہ عوام میں اس بارے آگاہی فروغ پا سکے۔

مزید خبریں