بغیر کسی پیشگی شرط کے قومی امور پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، طلال چوہدری

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے اور اس حوالے سے کوئی پیشگی شرائط عائد نہیں کی گئیں۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا ایجنڈا باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گاجس میں مشترکہ نکات اور قومی امور پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا …

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے اور اس حوالے سے کوئی پیشگی شرائط عائد نہیں کی گئیں۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا ایجنڈا باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گاجس میں مشترکہ نکات اور قومی امور پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گورننس، قانون سازی، انسدادِ دہشت گردی اور معیشت جیسے معاملات اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا بنیادی حصہ ہوں گے۔طلال چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ بات چیت صرف قومی مفاد اور پاکستان کے وسیع تر مفاد سے متعلق امور تک محدود رہے گی، نہ کہ کسی فرد یا کیس سے متعلق مطالبات پر۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے مناسب فورم قومی اسمبلی ہےاور اسپیکر آفس رابطے میں ہے جو ایجنڈا طے کرنے میں سہولت فراہم کر سکتا ہے۔

وزیرِ مملکت نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی ایوان کے فلور پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نفرت، انتشار اور بدنظمی کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اندرونی انتشار کا شکار ہے اور اس کی موجودہ قیادت میں واضح اختیار کا فقدان ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ بامقصد مذاکرات کے لیے سنجیدگی اور ذمہ داری ضروری ہے اور پارلیمانی فورمز سیاسی اختلافات کے حل کے لیے سب سے معتبر پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔