26.5 C
Islamabad
اتوار, مئی 11, 2025
ہومقومی خبریںبلاول بھٹو زرداری کا بیان کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز ہے،وزیرخارجہ...

بلاول بھٹو زرداری کا بیان کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز ہے،وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو آئینہ دکھایا ہے،فیصل کریم کنڈی

- Advertisement -

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا بیان کشمیری اور پاکستانی عوام کی آواز ہے ،ماضی میں بھارت عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرتا رہا ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو آئینہ دکھایا ہے ، دشمن نے جب بھی میلی آنکھ سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیا گیا ، پاکستان نے ہمیشہ ہمسائیہ ممالک سے تعلقات بہتر کرنے کی بات کی ، بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اپنے عروج پر ہے ، عمران خان محسن کشن انسان ہے ، ہمیشہ محسنوں پر وار کئے ،اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلی توڑیں تو ان صوبوں میں انتخابات کے لئے تیار ہیں جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے ۔

اتوار کو پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بھارت میں صرف آر ایس ایس مظاہرے کر رہی ہے باقی کسی جماعت نے مودی کو سپورٹ نہیں کیا ۔مودی جب گجرات میں وزیراعلیٰ تھے تو انہوں نے مسلمانوں کو قتل کیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں جو بیان دیا ہے وہ پاکستان اور تمام جمہوریت پسندوں کی آواز ہے ، تمام پاکستانیوں نے ان کے بیان کو سراہا ہے ، ماضی میں جس طرح بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزامات لگاتے تھے تو ان کو جواب نہیں ملتا تھا، اب پاکستان کی جانب سے ان کو آئینہ دکھایا گیا ہے ۔

- Advertisement -

ماضی میں پاکستان کی آواز دبا دی جاتی تھی ، پی ٹی آئی نے بلاول کے بیان کے حوالے سے خاموشی اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں تمام پاکستانیوں اور کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے ۔ مودی مسلمانوں کے خلاف جو کچھ کر رہے تھے وہ چیزیں کشمیر میں دہرا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آر ایس ایس کی جماعت نے احتجاج کا اعلان کیا ، کانگریس اور دیگر جماعتوں کی طرف سے ان کو سپورٹ نہیں کیا گیا ۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ روز بھارت کے ا خبارات اور ٹی وی چینلز خبر چلاتے رہے کہ پاکستان نے ہمیں دھمکی دی ہے ،ہم نے کبھی بھی پڑوسی ملک کو دھمکی نہیں دی بلکہ اچھے تعلقات کی بات کی ہے ، پاکستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا آتا ہے جس طرح بھارت نے پہل کی ان کا جہاز پاکستان میں داخل ہوا اور ان کو اس اقدام کی سزا ملی ، ان کے پائلٹ کو چائے پلا کر رخصت کیا ، بھارت کا میڈیا پاکستان کے خلاف جو پراپیگنڈا کر رہاہے پاکستان پہل نہیں کرے گا ، ہمیشہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز عمران خان نے اسمبلی توڑنے کی تاریخ دی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئندہ جمعہ کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اسمبلی توڑنے کا جو اعلان کیا ہے اس حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی ان صوبوں میں انتخابات کے لئے تیار ہے ، اگرعمران خان کی خواہش ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات لڑے جائیں تو اس حوالے سے میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ڈاکووں اور چوروں جن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جو تحفظ حاصل ہے اور انہوں نے جس طریقے سے دونوں صوبوں کو لوٹا ہے آدھے سے زیادہ جیلوں میں الیکشن سے پہلے چلے جائیں گے اور ان میں سے زیادہ لوٹ مار کی وجہ سے نااہل بھی ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین کی پاسداری کی بات کی ہے عمران خان کی خواہش کے مطابق کے پی کے اور پنجاب میں پہلے انتخابات کے بعد باقی انتخابات اکتوبر 2023 میں مقرر ہ وقت پر ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے اتحادی جماعت کے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ،جو عمران خان کے ساتھ گزشتہ روز خطاب کے دوران بیٹھا رہا ، آج ایک بیان میں کہاکہ گزشتہ روز عمران خان نے سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے جو بات کی ہے انہوں نے غلطی کی ہے ،عمران خان نے اس سے قبل خود کہا تھا کہ باجوہ اچھے تھے ریٹائرڈ منٹ کے بعد برے ہوئے ،

یہ وہ شخص ہے جنہوں نے کہاتھا کہ میں کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا ، اقتدار، چوری اور ڈاکے کی لالچ میں خاموش رہے ، آج کہہ رہے ہیں کہ باجوہ نے چار سال حکومت چلنے نہیں دی ، آ ج جو آپ اسمبلی توڑنے کی بات کر رہے ہیں تو یہ کام اس وقت کیوں نہ کیا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سیلاب کے لئے جو اربوں روپے جمع کئے تھے وہ کہاں گئے ، وہ رقم یا لانگ مارچ یا اپنی جماعت پر خرچ کی ہے ۔ عمران خان اورسابق خاتون اول کی آڈیو لیک آرہی ہے ، جو چیزیں تحفے میں ملی ہیں ان کو سستے داموں خریدنے اور بیچنے کے حوالے سے ابھی مزید داستان آرہی ہے ۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو شخص اپنی حکومت میں ایف آئی آر تک درج نہیں کروا سکا وہ ملک کیسے چلائے گا ۔جمعہ تک انہوں نے دونوں صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان کیا ہے دیکھتے ہیں جمعہ تک وہ کتنے یوٹرن لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ورکرز ، لیڈر شپ اور تمام ممبران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے لئے تیار ہیں۔ یہ ہمیشہ میدان سے بھاگ جاتے ہیں لیکن اگر انہوں نے ان صوبوں کی اسمبلیاں توڑیں تو ہم انتخابات میں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے ہمیں حکومت کی جانب سے 70 ارب روپے موصول ہوئے ہم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 99فیصد لوگوں تک وہ رقم پہنچائی ۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ہم نے خواجہ سرائوں کو بھی اس سکیم میں ڈالا ہے ، جن کا شناختی کارڈ بنے گا وہ اس اسکیم کا حصہ ہوں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ میں گزشتہ چار سال کے دوران پاکستان کے موقف کو کمزور طریقے سے پیش کیا جاتا تھا ، وزیر خارجہ بلاول نے پاکستان کا موقف دلیرانہ طریقے سے پیش کیا ۔ عمران خان وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے عادی ہیں آج بھی وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنا چاہتا ہے ۔ خیبر پختونخوا میں ان کے دس سال ہو گئے وہاں پر لکی مروت میں لوگوں کو شہید کیا گیا ، پولیو ورکرز پر حملے ہو رہے ہیں ، ان کی پولیس سیاستدانوں کو تحفظ دینے میں لگی ہوئی ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=342212

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں