بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وزیر اعلیٰ

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تعینات ہونے والے 19 افسران میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر ر ہے تھے

کوئٹہ۔ 25 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے تعینات ہونے والے 19 افسران میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر ر ہے تھے ۔ وزیر اعلٰی نے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے محنت، لگن، دیانت داری اور ریاست سے غیر مشروط وفاداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی صوبے کے معاشی مستقبل میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ صوبے کے وسائل کا ایک بڑا حصہ غیر ترقیاتی اخراجات کی نذر ہوجاتا ہے، جس کے باعث عام بلوچستانی کی فلاح و بہبود کے لیے محدود وسائل دستیاب رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے توقع ہے کہ وہ صوبے کے ریونیو میں اضافہ کرتے ہوئے کم از کم غیر ترقیاتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے کے لیے خاطر خواہ وسائل پیدا کرے گی۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی سے بچنے والے وسائل کو عوامی فلاح، تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور دیگر ترقیاتی ترجیحات پر خرچ کیا جاسکے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں 14 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پر کی گئیں اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں افسران کی حالیہ تعیناتی اسی پالیسی کا عملی تسلسل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں میرٹ کی سطح کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ان کے اپنے ضلع ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ بھرتی کے پورے عمل میں کسی بھی ایگزیکٹو آفس سے کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا اور تقرریاں سو فیصد میرٹ پر عمل میں لائی گئیں ۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے میرٹ کو یقینی بنانے پر صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیئرپرسن بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان نورزئی اور پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتیاں ہی نوجوانوں کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے نو منتخب افسران سے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے نوجوان افسران خلوص، محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے کام کریں۔