بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اورایف پی سی سی آئی کے زیر اہتما م سیمینار 06جنوری کو لاہور میں ہوگا

121

کوئٹہ۔ 02 جنوری (اے پی پی):بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی )کے زیر اہتما م 06جنوری کو لاہور میں بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع کے موضوع پر ایک سیمینار ہوگا جس میں اہم کاروباری حضرات، سرمایہ کاروں اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کومدعو کیا جا رہا ہے، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے اس سیمینار کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیمینارمیں بلوچستان کے مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع کو اجاگر کیا جائیگا اورحکومت بلوچستان کی جانب سے سرمایہ کاروں کیلئے دی جانیوالی مراعات اور سہو لیات کے بارے میں آگاہی دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو قدرت نے بے پنا ہ نعمتوں سے نوازا ہے، صوبے کے قدرتی وسائل اور دیگر شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع اس سرزمین کو دنیا میں منفرد بناتے ہیں۔

بلوچستان کے مختلف سیکٹرز میں منافع بخش سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے جن کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔صوبے میں مائنز اینڈ منرلز، توانائی، لائیو اسٹاک، زراعت، ساحلی ترقی،صنعت و حرفت، سیاحت اور دیگر شعبے سرمایہ کاری کیلئے نہایت موزوں ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کا یہ پہلو دنیا کے سامنے لیکر آئیں تاکہ یہاں سرمایہ کاری آسکے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کیساتھ عوام کو روزگار کے مواقع بھی ملیں۔اس مقصد کیلئے حصول کیلئے یہ سیمیناراہم پیشرفت ہے اسکے بعد اسلام آباد میں بلوچستان انٹرنیشنل بزنس سمٹ کا انعقاد کیا جائیگا جو تاریخی ایونٹ ہوگا۔