وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وژن کے مطابق عوام کو محفوظ، معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئےکارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کوئٹہ، حب، پنجگور، قلعہ سیف اللہ، صحبت پور، نوشکی اور پشین سمیت مختلف اضلاع میں انسپکشن ٹیموں نے سینکڑوں خوراک کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 28 مراکز کو جرمانہ جبکہ 36 …
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں؛ 28 مراکز کوجرمانہ، 36 کو اصلاحی نوٹسز جاری، مضرِ صحت و زائد المعیاداشیا ضبط

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وژن کے مطابق عوام کو محفوظ، معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئےکارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کوئٹہ، حب، پنجگور، قلعہ سیف اللہ، صحبت پور، نوشکی اور پشین سمیت مختلف اضلاع میں انسپکشن ٹیموں نے سینکڑوں خوراک کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزیوں پر 28 مراکز کو جرمانہ جبکہ 36 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں جنرل اسٹورز، مصالحہ شاپس، بیکنگ یونٹس، میٹ شاپس، ریسٹورنٹس، فاسٹ فوڈ و پیزا پوائنٹس، جوس و آئس کریم شاپس، نان شاپس اور دیگر فوڈ آئوٹ لیٹس شامل ہیں۔
ترجمان بی ایف اے کے مطابق ضلع پشین کے علاقے بٹیزئی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا جہاں صفائی اور فوڈ سیفٹی اصولوں کی خلاف ورزی پر ایک یونٹ کو جرمانہ جبکہ تین مراکز کو سات روزہ شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔ اس موقع پر چار زیر التوا فوڈ بزنس لائسنس درخواستوں کی جانچ پڑتال اور پراسیسنگ بھی مکمل کی گئی جبکہ کاروباری مراکز کو خوراک کی محفوظ تیاری، ذخیرہ کاری اور حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔کوئٹہ میں جوائنٹ روڈ، ارباب کرم خان روڈ، سریاب روڈ، ایئرپورٹ روڈ، سرکی روڈ اور فقیر محمد روڈ پر انسپکشن کارروائیوں کے دوران مصالحہ شاپس، جنرل اسٹورز، جوس اینڈ آئس کریم شاپ، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، ریسٹورنٹ اور نان شاپ کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ مختلف مراکز سے زائد المعیاد اشیا، پابندی عائد چائنیز نمک، نان فوڈ گریڈ کلرز اور ممنوعہ اشیا برآمد ہوئیں جبکہ ناقص صفائی، غیر معیاری اسٹوریج، کھلے کوڑے دان، کم وزن نان اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر متعدد مراکز مالکان کو جرمانے کیے گئے۔
صنعتی شہر حب میں مرکزی شاہراہ پر واقع کھانے پینے کے مراکز کے معائنے کے دوران ایک ہول سیلر ٹریڈر اور ایک پیزا شاپ مالک کو زائد المعیاد دودھ، کیمیکل پرنٹڈ پیپر کے استعمال اور مصنوعات پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ درج نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا جبکہ آٹھ مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔پنجگور کے علاقے کالام چوک چتکان اور گردونواح میں دو جنرل اسٹورز اور ایک فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو جرمانہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ مشروبات، لسی، اسنیکس، کیکس، بسکٹس، پابندی عائد چائنیز نمک اور ممنوعہ اشیا ماوا و شیکھر برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کر دیا گیا جبکہ تین مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔نوشکی میں راخشان ڈویژن فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشکی محسن لاشاری کے ہمراہ مختلف خوراکی مراکز کا معائنہ کیا۔
کارروائی کے دوران 10 مراکز کو جرمانہ جبکہ 8 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ جرمانہ کردہ مراکز میں بیکنگ یونٹس، جنرل اسٹورز، ریسٹورنٹ، میٹ شاپ اور مصالحہ جات کی دکان شامل تھیں۔ معائنے کے دوران ناقص صفائی، پابندی عائد گٹکے اور چائنیز نمک کی موجودگی، زائدالمعیاد اشیا، نان فوڈ گریڈ رنگوں کے استعمال اور فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی جیسی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔قلعہ سیف اللہ میں مرکزی بازار اور مضافاتی علاقوں میں انسپکشن کے دوران دکانداروں کو فوڈ بزنس لائسنس کے حصول، زائد المیعاد اشیا کی فروخت سے اجتناب اور خوراک کی مناسب ذخیرہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر فوڈ بزنس لائسنس فارم بھی تقسیم کیے گئے اور تاجروں کو قوانین پر عملدرآمد سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
دریں اثنا صحبت پور میں مین بازار اور حیدر دین روڈ پر متعدد کریانہ اسٹورز اور ہوٹل مالکان کو فوڈ بزنس لائسنس نہ رکھنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا گیا جبکہ تین مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق عوامی صحت کے تحفظ اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں انسپکشن، نگرانی اور آگاہی مہمات کا سلسلہ مزید مثر انداز میں جاری رکھا جائے گا اور خوراک سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








