بلوچستان میں غیرترقیاتی اخراجات کم کرکے 16 ارب روپے کی بچت کی ہے،وزیر خزانہ بلوچستان

5
Talking to the media
Talking to the media

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نےکہا ہے کہ بلوچستان میں غیرترقیاتی اخراجات کو کم کرکے کفایت شعاری کی پالیسی اپنا کر نئی گاڑیاں نہیں خریدی گئی ہے جس سے قومی خزانے میں 16 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نےکہا کہ وزیراعلیٰ نے ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے سفارشات مرتب کرنے کے لیے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو جلد اپنا کام شروع کردے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی ہمیشہ سے اپنی روایات رہی ہے اپوزیشن سمیت تمام ممبران نے اسمبلی کے تقدس کا خیال رکھا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نےکہا کہ بلوچستان میں 3200 بند سکول کھل گئے ہیں جبکہ بجٹ میں صوبے کے جامعات کے لیے 8 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور 3 ارب روپے ہائر ایجوکیشن کمیشن جامعات کو گرانٹ دیگا جس سے بلوچستان کے جامعات کے مسائل حل ہونگے۔