بلوچستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں ، نوابزادہ جمال رئیسانی

کوئٹہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء ورکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی و استحکام کا بنیادی ستون ہیں،بلوچستان کے عوام پرامن، باصلاحیت اور محب وطن ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ صوبے کے اس تعمیری اور روشن پہلو کو ملک بھر کے عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے …

کوئٹہ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء ورکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی و استحکام کا بنیادی ستون ہیں،بلوچستان کے عوام پرامن، باصلاحیت اور محب وطن ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ صوبے کے اس تعمیری اور روشن پہلو کو ملک بھر کے عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ پاکستان کی مجموعی آبادی میں نوجوانوں کا تناسب سب سے زیادہ ہے اور میں قومی اسمبلی میں انہی نوجوانوں کی نمائندگی کر رہا ہوں،نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی و استحکام کا بنیادی ستون ہیں، اس لیے قومی پالیسیوں کی تشکیل میں ان کے موثر کردار کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں اور حکومت کے درمیان ایک بریج (Bridge) کا کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کے مسائل، تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی میں شمولیت جیسے امور کے حل کے لیے موثر اقدامات کیے جا سکیں۔نوابزادہ جمال رئیسانی نے مزید کہا کہ بلوچستان کا ایک مثبت اور خوبصورت چہرہ ہے جو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی خوبصورتی بلوچستان کے پہاڑوں، ثقافت اور مہمان نوازی میں چھپی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پرامن، باصلاحیت اور محب وطن ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ صوبے کے اس تعمیری اور روشن پہلو کو ملک بھر کے عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر فورم پر بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے تاکہ انہیں ملکی ترقی کے عمل میں موثر طور پر شامل کیا جا سکے۔