بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے غیر ملکی سپانسر اور حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے بہترین آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھیں گے، پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی بلوچستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو

ISPR
ISPR

راولپنڈی۔17جنوری (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم بیرونی دشمنوں کے بلوچستان میں پرامن ماحول کو خراب کرنے کے مذموم عزائم سے آگاہ ہیں، بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے غیر ملکی سپانسر اور حمایت یافتہ دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے بہترین آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھیں گے۔ وہ بلوچستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے منگل کوبلوچستان کے علاقوں خضدار اور بسیمہ کا دورہ کیا جہاں پر انھیں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے جوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں فوج کی تعیناتی اور آپریشنز پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے استقبال کیا۔