بلوچستان کی ٹیم انٹر لوپ وہیل چیئر قائداعظم کرکٹ ٹرافی کی چیمپئن بن گئی

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):بلوچستان کی ٹیم انٹر لوپ وہیل چیئر قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا فائنل میچ جیت کر چیمپئن بن گئی،فائنل میں بلوچستان نے گلگت بلتستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی،تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 28 رنز سے ہرا یا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے بوہڑاں والے گراؤنڈ میں کھیلے گئے انٹرلوپ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بلوچستان نے …

فیصل آباد۔ 16 فروری (اے پی پی):بلوچستان کی ٹیم انٹر لوپ وہیل چیئر قائداعظم کرکٹ ٹرافی کا فائنل میچ جیت کر چیمپئن بن گئی،فائنل میں بلوچستان نے گلگت بلتستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی،تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 28 رنز سے ہرا یا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے بوہڑاں والے گراؤنڈ میں کھیلے گئے انٹرلوپ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ گلگت بلتستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

احمد یار 65 اور ساجد خان 33 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز رہے۔جواب میں بلوچستان کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ محمد فیض نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 48 گیندوں پر 92 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ مبین اقبال نے 34 گیندوں پر 63 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا۔

گلگت بلتستان کی جانب سے احمد یار ایک وکٹ حاصل کرسکے۔تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ نے آزاد کشمیر کو 28 رنز سے شکست دی۔ بارش اور خراب موسم کے باعث میچ کو 10 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے ، جواب میں آزاد کشمیر کی ٹیم 2 وکٹوں پر 90 رنز تک محدود رہی۔ تقریب کے اختتام پر جتنے والی ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی بھی حو صلہ افزائی کی گئی۔