سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی معاونت سے چیلنج سپیشل اکنامک زون لاہور کے پہلے مرحلے کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب

سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے چیلنج سپیشل اکنامک زون (ایس ای زی) لاہور کے پہلے مرحلے کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ پیش رفت پاکستان میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔تقریب کا آغاز سیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل احمد قریشی نے کیا۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت سے چیلنج سپیشل اکنامک زون (ایس ای زی) لاہور کے پہلے مرحلے کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کی تقریب وزیراعظم آفس اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ پیش رفت پاکستان میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔تقریب کا آغاز سیکرٹری ایس آئی ایف سی جمیل احمد قریشی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز ملک میں صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور مالیاتی معاہدوں پر دستخط کے عمل کے گواہ بنے۔چیلنج فیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے تیار کیے جانے والے چیلنج سپیشل اکنامک زون لاہور کے پہلے مرحلے کے لیے تمام مالیاتی معاہدے مکمل ہونے کے بعد منصوبے کے لیے درکار مالی وسائل کی فراہمی یقینی ہو گئی ہے جس سے منصوبے پر عملی کام مزید تیزی سے آگے بڑھ سکے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور چینی کمپنیوں کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دونوں ممالک کے مضبوط ہوتے معاشی تعلقات کی عکاس ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر نے اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے، سرمایہ کاری میں اضافے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں چیلنج گروپ کے اعلیٰ نمائندوں کے علاوہ دی بینک آف پنجاب، پاک چائنا انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ، حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ، بینک آف خیبر، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ اور پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ ان اداروں کی شمولیت اس بات کا واضح اظہار ہے کہ پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول اور قومی اہمیت کے حامل صنعتی منصوبوں پر مالیاتی شعبے کا اعتماد مزید مستحکم ہو رہا ہے۔چیلنج سپیشل اکنامک زون لاہور کو ایک جدید صنعتی مرکز کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے جہاں برآمدات پر مبنی صنعتوں کے فروغ، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ایس آئی ایف سی نے اس منصوبے میں مختلف سرکاری اداروں، سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے درمیان موثر رابطہ اور ہم آہنگی قائم کرتے ہوئے مالیاتی معاہدوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔

ایس آئی ایف سی کی مربوط حکمت عملی کے تحت سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے تاکہ قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کو بروقت مکمل کر کے انہیں عملی شکل دی جا سکے۔ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور تمام متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھتے ہوئے ملک میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پائیدار اقتصادی نمو کے لیے اپنی کوششیں مستقبل میں بھی اسی جذبے سے جاری رکھے گی۔