مضبوط مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سیکٹر پائیدار معاشی ترقی، صنعتی مسابقت اور جامع قومی ترقی کی ضمانت ہے ۔ ہارون اختر خان

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ مضبوط مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سیکٹر ہی پائیدار معاشی ترقی، صنعتی مسابقت اور جامع قومی ترقی کی ضمانت ہے اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ مضبوط مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سیکٹر ہی پائیدار معاشی ترقی، صنعتی مسابقت اور جامع قومی ترقی کی ضمانت ہے اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) کے فروغ اور ترقی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایم ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانے، صنعتی پیداوار میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینے سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ ایم ایس ایم ای سیکٹر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور روزگار کی فراہمی، صنعتی ترقی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور وژن کے مطابق حکومت ایم ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لیے جامع اصلاحات اور مؤثر پالیسی اقدامات پر عمل پیرا ہے تاکہ ملک بھر میں کاروباری برادری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ایم ایس ایم ایز کو مضبوط بنانے سے روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ، برآمدات میں وسعت اور صنعتی پیداوار میں بہتری آئے گی جو طویل المدتی معاشی خوشحالی کا باعث بنے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری برادری خصوصاً مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو کاروبار دوست پالیسیوں، آسان مالیاتی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور ادارہ جاتی معاونت کے ذریعے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ مضبوط ایم ایس ایم ای سیکٹر ہی پائیدار معاشی ترقی، صنعتی مسابقت اور جامع قومی ترقی کی ضمانت ہے۔

رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے ایم ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لئے حکومتی پالیسیوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔