کوئٹہ۔29جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر خان عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں زمینی اور فضائی ریسکیو آپریشن جاری ہے پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ریلیف سرگرمیاں بھی جاری ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں غذائی قلت کے باعث کوئی المیہ نہ جنم لے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر سکندر خان عمرانی نے کہا کہ رواں سال غیر معمولی بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان میں بڑی سطح پر جانی ومالی نقصان ہوا ہے، صوبائی حکومت متاثرہ علاقوں میں اپنے وسائل سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے، اس مقصد کے حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو سرگرمیوں کے لئے دے دیا گیا ہے ۔
صوبے میں ہونے والے ان بھاری نقصانات اور آفات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنا بیرونی دورہ منسوخ کردیا ہے اور حکومت کی تمام تر توجہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن پر ہے،
انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا حجم بہت بڑا ہے فی الوقت حکومت ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں مصروف ہے رابطہ سڑکوں اور معمولات زندگی کی بحالی کے بعد املاک وجملہ نقصانات کا تخمینہ مرتب کیا جائیگا اور صوبائی حکومت کی کوشش ہوگی کہ دستیاب وسائل میں متاثرین کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔