بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر بس حادثے کے بعد ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر بس حادثہ، ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی امدادی کارروائیاں جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 03 جولائی (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع شیرانی میں مسافر بس حادثے کے بعد ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان ریسکیو1122 خیبر پختونخوا بلال احمد فیضی کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی، ڈویژنل ہیڈکوارٹر ژوب کے قریب کوئٹہ سے راولپنڈی/اسلام آباد جانے والی مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 48 مسافر سوار تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی سروسز ژوب اور ریسکیو 1122 فرنٹیئر ریجن درازندہ، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔حادثے میں زخمی ہونے والے 8 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال ژوب منتقل کیا گیا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے 40 افراد کی لاشیں ابتدائی طور پر جائے حادثہ کے قریب واقع آر ایچ سی منتقل کی گئیں، بعد ازاں ریسکیو 1122 ایف آر درازندہ اور ایمرجنسی سروسز ژوب کی مشترکہ ٹیموں نے تمام لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ژوب منتقل کیا۔ ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کی ٹیمیں ایمرجنسی سروسز بلوچستان کے شانہ بشانہ امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں تاکہ زخمیوں، جاں بحق افراد اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن سہولت اور بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔








