بلوچستان کے عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے جناح پیپلز ٹرین منصوبہ تیار کیا گیا ، حکام

بلوچستان میں عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے جناح پیپلز ٹرین منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے ۔حکومت بلوچستان کے مطابق اس منصوبے سے کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو ریلوے کے ذریعے باقاعدہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا جبکہ منصوبے پر …

کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان میں عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے جناح پیپلز ٹرین منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے ۔حکومت بلوچستان کے مطابق اس منصوبے سے کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو ریلوے کے ذریعے باقاعدہ سفری سہولت میسر آئے گی۔ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا جبکہ منصوبے پر تقریباً 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔

جناح پیپلز ٹرین کے روٹ پر 7 سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لوڑ کاریز اور سریاب شامل ہیں۔ ٹرین کے ذریعے کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو متبادل اور نسبتاً کم خرچ سفری ذریعہ دستیاب ہوگا ،منصوبے سے طلبہ، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین، کاروباری افراد اور روزمرہ سفر کرنے والے شہریوں سمیت بڑی تعداد میں مسافروں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ جناح پیپلز ٹرین نہ صرف شہریوں کی سفری مشکلات میں کمی لائے گی بلکہ کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوگی ۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اظہار مسرت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لکھا کہ عوام کو جدید، محفوظ، باعزت اور کم خرچ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کے لیے سفری مشکلات کم کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سے نہ صرف روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ طلبہ، ملازمین اور کاروباری افراد کے لیے کوئٹہ اور مضافاتی علاقوں کے درمیان آمدورفت بھی مزید آسان ہوگی۔