157 کلومیٹر طویل داسو-مانسہرہ 765 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن پر مجموعی پیش رفت 46 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب اس کی تکمیل 30 جون 2028 تک متوقع ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب لاٹ-I کی تازہ ترین منصوبہ جاتی صورتحال کے مطابق مجموعی مالی پیش رفت 29.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 97.2 ملین ڈالر کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔اس پیکیج میں تقریباً 157 کلومیٹر طویل …
داسو مانسہرہ ٹرانسمیشن لائن جون 2028 تک مکمل ہونے کی توقع

مزید خبریں
اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):157 کلومیٹر طویل داسو-مانسہرہ 765 کلو وولٹ ٹرانسمیشن لائن پر مجموعی پیش رفت 46 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب اس کی تکمیل 30 جون 2028 تک متوقع ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب لاٹ-I کی تازہ ترین منصوبہ جاتی صورتحال کے مطابق مجموعی مالی پیش رفت 29.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور اب تک 97.2 ملین ڈالر کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔اس پیکیج میں تقریباً 157 کلومیٹر طویل 765 کلو وولٹ ہیکسا بنڈل ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کا ڈیزائن، سامان کی فراہمی، تنصیب، ٹیسٹنگ اور کمیشننگ شامل ہے جس میں اے سی ایس آر ریل کنڈکٹر استعمال کیا جائے گا۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے 765 کلو وولٹ مانسہرہ سب سٹیشن تک جانے والی اس ٹرانسمیشن لائن کی پوری لمبائی پر تقریباً 419 ٹاورز درکار ہوں گے۔تعمیراتی کام کئی محاذوں پر آگے بڑھا ہے۔ 118 کلومیٹر پر رسائی سڑکوں کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جو 179 ٹاورز کے مقامات کا احاطہ کرتا ہے۔ 105 ٹاورز کی بنیادوں کی کنکریٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ اب تک 60 ٹاورز نصب کیے جا چکے ہیں۔ڈیزائن اور خریداری کے شعبوں میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔ D7N، D7M اور D7T ٹاورز کے ٹائپ ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں جبکہ گراؤنڈنگ میٹریل کی پیش رفت 100 فیصد بتائی گئی ہے۔
سائٹ پر پہلے ہی پہنچائے گئے سامان میں 272 ٹاورز کے سٹبس، 102 ٹاورز، تقریباً 155,000 انسولیٹرز، 86 کلومیٹر کنڈکٹر، 20 کلومیٹر آپٹیکل گراؤنڈ وائر (او پی جی ڈبلیو) اور 150 کلومیٹر ارتھ وائر شامل ہیں۔منصوبے کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق اکتوبر 2026 تک مزید سامان کی ترسیل متوقع ہے جس میں مزید 33 ٹاورز کے سٹبس، 47 ٹاورز اور 19.5 کلومیٹر کنڈکٹر شامل ہیں۔لاٹ-I کے معاہدے پر 29 دسمبر 2022 کو دستخط کیے گئے تھے اور یہ 10 فروری 2023 کو مؤثر ہوا۔ 40 ماہ کی عمل درآمد مدت کی بنیاد پر معاہدے کے مطابق تکمیل کی تاریخ 9 جون 2026 تھی جبکہ تازہ ترین منصوبہ جاتی صورتحال کے مطابق اب اس کی متوقع تکمیل کی تاریخ 30 جون 2028 ہے۔
یہ معاہدہ چین کی سائنو ہائیڈرو کارپوریشن کو دیا گیا ہے۔ معاہدے کی قیمت 848.6 ملین چینی یوآن، 23.06 ملین ڈالر اور 30.032 ارب روپے پر مشتمل ہے جو بولی کی جانچ کے وقت کی شرحوں کے مطابق تقریباً 330 ملین ڈالر کے مساوی ہے۔جرمنی کی گوپا ٹیک منصوبے کے ڈیزائن، انجینئرنگ اور نگرانی کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔







