بلوچستان ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں تعلیمی انقلاب کی جانب گامزن ،ہو چکا،سالانہ 10,000 میڈیکل پروفیشنلز اور ٹیکنیشنز تیار کرنا ہدف ہے،گورنر جعفرخان مندوخیل
بلوچستان ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں تعلیمی انقلاب کی جانب گامزن ،ہو چکا،سالانہ 10,000 میڈیکل پروفیشنلز اور ٹیکنیشنز تیار کرنا ہدف ہے،گورنر جعفرخان مندوخیل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 19 جون (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبہ ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں تعلیمی انقلاب کی جانب گامزن ہو چکا ہے، ہم نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ذریعے میڈیکل ایجوکیشن میں تبدیلی کا آغاز کر دیا ہے اورسالانہ 10,000 میڈیکل پروفیشنلز اور ٹیکنیشنز تیار کرنا ہدف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بولان میڈیکل یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال یہ اقدام بولان میڈیکل یونیورسٹی میں شروع کیا گیا ہے، جو مکمل طور پر میڈیکل ایکسیلینس کیلئے وقف ہے، ہم اس وژن اور ماڈل کو جلد ہی صوبے کی دیگر پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں تک پھیلانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے روزگار کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سیکٹر میں اس وقت بھی بیرون ملک ہزاروں ملازمتوں کی مانگ ہے، مستقبل کا منصوبہ تعلیمی ڈگریوں کے ساتھ ڈپلومہ پروگراموں کو مربوط کرنا ہے جو موجودہ وسائل پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، یہ گریجویٹس سرکاری نوکریوں کی تلاش میں بھٹکنے کی بجائے اپنی دہلیز پر روزگار کے مواقع حاصل کریں گے اور قومی ترقی اور پیشرفت میں براہ راست حصہ ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے روشن دماغوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ وہ بلوچستان کے لوگوں کی خدمت اور عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں۔ یہی مہارت یافتہ افراد اندرون اور بیرون ملک معاشی آزادی حاصل کریں گے، ہم روایتی تعلیمی ماڈلز سے آگے بڑھ رہے ہیں اور انہیں صنعت سے متعلقہ مہارتوں کے ساتھ مربوط کر رہے ہیں جو آج کی معیشت کی بنیاد ہیں۔
گورنرجعفرخان مندوخیل نے جگہ اور صلاحیت میں موجودہ رکاوٹوں کو تسلیم کیا لیکن یقین دلایا کہ عزم اور محتاط منصوبہ بندی کے ساتھ، ایک سال کے اندر ان پر بھی قابو پا لیا جائیگا، یہ صرف ایک خواہش نہیں ہے بلکہ روشن مستقبل کیلئے ٹھوس منصوبہ ہے کیونکہ ایک بار تربیت حاصل کرنے کے بعد یہ ہنر مند پیشہ ور جدید معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بنیں گے اور مجموعی طور پر معاشرے کو مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے یہ ان کا عزم ہے کہ وہ فارغ التحصیل طلباء کی لامحدود امکانات سے بھرپور مستقبل کی طرف فکری رہنمائی کریں۔








