بنگلہ دیش، چلتی مسافر ٹرین میں آگ لگ گئی

ڈھاکہ ۔26مارچ (اے پی پی):بنگلہ دیش کے علاقے چٹا گانگ سے دارالحکومت ڈھاکہ جانے والی مسافر ٹرین میں آگ لگ گئی تاہم فوری طور پر کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق چٹاگانگ کےعلاقے سیتا کنڈا بھٹیاری یونین میں بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی (بی ایم اے) پھاٹک کے قریب ڈھاکہ جانے والی چٹالہ ایکسپریس ٹرین کی پاور کار میں …

ڈھاکہ ۔26مارچ (اے پی پی):بنگلہ دیش کے علاقے چٹا گانگ سے دارالحکومت ڈھاکہ جانے والی مسافر ٹرین میں آگ لگ گئی تاہم فوری طور پر کسی کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق چٹاگانگ کےعلاقے سیتا کنڈا بھٹیاری یونین میں بنگلہ دیش ملٹری اکیڈمی (بی ایم اے) پھاٹک کے قریب ڈھاکہ جانے والی چٹالہ ایکسپریس ٹرین کی پاور کار میں آگ لگ گئی جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔یہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً 6:45 بجے پیش آیا۔فائر سروس کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس سے پہلے متاثر نہ ہونے والی بوگیوں کو الگ کر کے فوجدارہاٹ سٹیشن پر منتقل کر دیا گیا۔سیتا کنڈا فائر سروس سٹیشن کے سب آفیسر احسن حبیب نے بتایا کہ انہوں نے صبح 7 بجے کے قریب چلتی ٹرین میں آگ لگنے کی اطلاع پر پاور کار (بجلی پیدا کرنے والی کوچ) میں لگی آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔فوجدارہاٹ ریلوے پولیس چوکی کے سب انسپکٹر اور انچارج ابوالکلام آزاد نے بتایا کہ 17 بوگیوں پر مشتمل ٹرین صبح 6:30 بجے کے قریب چٹاگانگ سٹیشن سے ڈھاکہ کے لیے روانہ ہوئی۔ ایئر کنڈیشنڈ کوچ سے ملحق پاور کار میں اس وقت آگ لگی جب ٹرین صبح 7 بجے کے قریب بی ایم اے گیٹ کے علاقے میں پہنچی۔انہوں نے کہا کہ ایک بزرگ مسافر نے سب سے پہلے واش روم جاتے ہوئے آگ دیکھی اور دوسروں کو آگاہ کیا اور ٹرین کوفوری روکنے کا اشارہ دیا جس کے بعد مسافر ٹرین سے اتر گئے۔ متاثرہ پاور کار اور اس سے ملحقہ کوچ کو بعد میں علیحدہ کرکے فوجدارہاٹ سٹیشن لے جایا گیا۔بی ایم اے گیٹ کے علاقے میں ڈھاکہ جانے والی لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بدستور معطل ہے جبکہ چٹاگانگ جانے والی لائن کھلی ہے۔