بنگلہ دیش کا رواں سال 1300 ٹیکسی اور مو ٹر سائیکل ڈرائیوردبئی بھیجنے کا فیصلہ

159
Bangladesh
Bangladesh

ڈھاکہ ۔29جون (اے پی پی):بنگلہ دیش نے رواں سال کے آخر تک 1300 ٹیکسی اور مو ٹر سائیکل ڈرائیورز کو دبئی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اردو نیوز کے مطابق بنگلہ دیش کی حکومت کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات آنے والے سالوں میں مزید سینکڑوں ڈرائیورز کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔بنگلہ دیش کے تارکین وطن کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے وزیر مملکت شفیق الرحمان چوہدری اور ڈھاکہ میں اماراتی سفیر عبداللہ علی الحمودی کی ملاقات میں اس موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شفیق الرحمان چوہدری نے کہا کہ ان میں سے ایک ملاقات دبئی ٹیکسی کے ساتھ ہوئی تھی، اس میٹنگ کے نتیجے میں دبئی ٹیکسی کارپوریشن نے ہنرمند ورکرز کی بھرتی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات رواں سال بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والےایک ہزار موٹرسائیکل ڈرائیور اور 300 ٹیکسی ڈرائیورز کی خدمات حاصل کرے گا اور آنے والے سالوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔بنگلہ دیشی وزیر مملکت کے مطابق متحدہ عرب امارات آئندہ سال سے کم از کم دو ہزار ٹیکسی اور موٹرسائیکل ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرے گا۔واضح رہے کہ 2013 سے متحدہ عرب امارات بنگلہ دیش سے صرف ہنرمند کارکنوں کو ہی بھرتی کر رہا ہے۔متحدہ عرب امارات میں 12 لاکھ سے زیادہ بنگلہ دیشی شہری روزگار کے سلسلہ میں مقیم ہیں، اور یہ سعودی عرب کے بعد کسی دوسرے ملک میں بنگلہ دیشی ورکرز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔