ڈھاکہ۔22نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے’ اسی اعتماد کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کیلئے میدان میں اتریں گے۔
پیر کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر سیریز 3-0 سے اپنے نام کرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے ایوارڈ تقریب کے دوران کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف تاریخی کامیابی کے لئے ہر کھلاڑی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا’ سب نے محنت کی اور اس فتح کا کریڈٹ بھی پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری فیلڈنگ میں بہت بہتری آئی ہے اور ہمارا مڈل آرڈر بھی میچ جتوا رہا ہے’ بنگلادیش کیخلاف شاندارفتح ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنی غلطیوں کو نہ دہرائیں ۔
انہوں نے کہا کہ اسی اعتماد کے ساتھ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے اور کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بھرپور سپورٹ کرنے پر شائقین کا شکریہ بھی ادا کیا۔