پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علمی و انتظامی تعاون کے فروغ کے لئے ’’پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور‘‘ اقدام کے تحت بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس کے ایک وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا دورہ کیا۔
بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس کے وفد کا ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان علمی و انتظامی تعاون کے فروغ کے لئے ’’پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور‘‘ اقدام کے تحت بنگلہ دیش کے سینئر سول سرونٹس کے ایک وفد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کا دورہ کیا۔ وفد تین ہفتوں پر مشتمل ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کر رہا ہے جسے ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے سپانسر کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران وفد کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تنظیمی ڈھانچے، فرائض، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے جاری منصوبوں اور مختلف اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے وفد کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق، ڈیجیٹل لرننگ، معیارِ تعلیم اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مختلف پروگرامز اور پالیسی اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط، انتظامی تجربات اور علمی اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تین ہفتوں کے اس تربیتی پروگرام کے دوران بنگلہ دیشی وفد کو پاکستان کے مختلف سرکاری اداروں کے مطالعاتی دورے بھی کرائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں پاکستان کے انتظامی ڈھانچے، پالیسی سازی اور عوامی خدمات کے نظام کے بارے میں عملی آگاہی فراہم کی جا سکے۔ ماہرین کے مطابق ’’پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور‘‘ اقدام دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، انتظامی اور پیشہ وارانہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔








