آزاد کشمیرانتخابات میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کر دی ہے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

"سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کر دی ہے۔”

 راولپنڈی۔2اگست (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کی مہر ثبت کر دی ہے،یہ کامیابی کشمیری عوام کے اعتماد، کارکنوں کی انتھک محنت اور قائد محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

رکن قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما طاہرہ اورنگزیب کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر عوام، کارکنوں اور انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام افراد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور میں عوام نے شیر پر مہر لگا کر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ مظفرآباد، پونچھ اور دیگر علاقوں میں بھی پارٹی کارکنوں نے بھرپور جذبے، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ انتخابی مہم چلائی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت، آئین اور ووٹ کی طاقت پر مکمل یقین رکھتی ہے، انتخابات الزام تراشی، دھمکیوں یا بے بنیاد دعوؤں سے نہیں بلکہ عوامی خدمت، کارکردگی اور ووٹر کے اعتماد سے جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکست کو بنیاد بنا کر دھاندلی کے الزامات لگانا مناسب طرز عمل نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں آزاد کشمیر انتخابات کے دوران ریکارڈ ٹرن آؤٹ دیکھنے میں آیا جو جمہوری عمل پر عوام کے اعتماد کا واضح مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری ٹیم اور ہر کارکن کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کی قیادت، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خدمات اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ابرار، بیرسٹر دانیال چوہدری، سردار محمد نسیم، حنیف عباسی اور دیگر رہنماؤں سمیت تمام کارکنوں نے ایک ٹیم کی حیثیت سے دن رات محنت کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکنوں نے بھی انتخابی مہم میں مثالی کردار ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے انتخابی کامیابی کا جشن منایا۔ کارکنوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں، پارٹی ترانوں پر رقص کیا اور قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عوام کے اعتماد، کارکنوں کی انتھک محنت، ٹیم ورک اور مسلم لیگ (ن) کی خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کی سیاست کا ثمر ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوام کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے اور ملک قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔