کراچی میں ریلوے پولیس کا بڑا آپریشن، 32 ٹن چوری شدہ ریلوے سامان برآمد، 6 ملزمان گرفتار

"وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر پاکستان ریلوے پولیس نے کراچی میں ایک بڑے آپریشن کے دوران تقریباً 32 ٹن چوری شدہ ریلوے سامان برآمد کر لیا اور 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔”

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی ہدایت پر پاکستان ریلوے پولیس نے کراچی میں ایک بڑے آپریشن کے دوران تقریباً 32 ٹن چوری شدہ ریلوے سامان برآمد کر لیا جبکہ 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

اتوار کو جاری بیان کے مطابق ریلوے پولیس نے اورنگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئےریلوے ٹریک چوری کرنے میں ملوث چار ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کےقبضے سے ریلوے پٹریاں کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کر لیے۔دورانِ تفتیش گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر ہارون آباد میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا گیاجہاں مشینری اور دیگر سامان کے نیچے چھپایا گیا چوری شدہ ریلوے مواد برآمد کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران مزید دو ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ریلوے پولیس نے گودام سے تقریباً 31.8 ٹن چوری شدہ ریلوے سامان برآمد کیا جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی گئی ہے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ قومی ریلوے اثاثوں پر غیرقانونی قبضہ، چوری اور ان کی غیرقانونی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ریلوے املاک کو نقصان پہنچانے اور چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس محمد وصال فخر سلطان نے کہا کہ ریلوے سامان کی چوری اور قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے انفراسٹرکچر اور قومی اثاثوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریلوے سامان کی چوری اور غیرقانونی تجارت میں ملوث منظم نیٹ ورک کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیےکارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پاکستان ریلوے پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی اثاثوں کے تحفظ اور مسافروں کو محفوظ ریلوے سفر کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔