"اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو متحرک رہنے اور نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔”
اسلام آباد میں بارش کا الرٹ جاری، نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو متحرک رہنے اور نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فوری طور پر فیلڈ میں موجود رہنے اور اپنےاپنے علاقوں میں سو فیصد نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور نالوں پر خصوصی نظر رکھی جائے جہاں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کےعمل کو مؤثر بنانے کے لیےسینی ٹیشن عملے کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی مقام پر پانی جمع ہونے یا نکاسی آب میں رکاوٹ کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ پمپس، مشینری اور دیگر ضروری آلات ہر وقت دستیاب رکھے جائیں تاکہ بارش کے باعث کسی بھی علاقے میں پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوری نکاسی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مرکزی شاہراہوں اور اہم چوراہوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنانا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیلڈ ٹیمیں موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گی اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بارشوں کے باعث شہریوں کی معمول کی زندگی کم سے کم متاثر ہو۔صاحبزادہ یوسف نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور بارش کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال، پانی جمع ہونے، ٹریفک مسائل یا دیگر عوامی مشکلات کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔







