بنگلہ دیش کے طلبہ کا ویٹرنری یونیورسٹی لاہور میں تربیتی پروگرام مکمل

صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں بنگلہ دیش کے30 فائنل ایئر ڈی وی ایم طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ بنگلہ دیشی طلبہ نے پاکستان میں ایک ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام مکمل کیا، جس کا مقصد ویٹرنری تعلیم اور لائیوسٹاک کے شعبے میں دونوں ممالک کے …

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں بنگلہ دیش کے30 فائنل ایئر ڈی وی ایم طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ بنگلہ دیشی طلبہ نے پاکستان میں ایک ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام مکمل کیا، جس کا مقصد ویٹرنری تعلیم اور لائیوسٹاک کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔

اپنے خطاب میں صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلبہ کا ویٹرنری یونیورسٹی لاہور میں تربیتی تجربہ خوش آئند ہے۔ پاکستان بھی اپنے طلبہ کو بنگلہ دیش بھیجنے میں دلچسپی رکھتا ہے تاکہ وہ وہاں لائیوسٹاک کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت اور تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی طلبہ اب دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعلیم اور تعاون کے سفیر ہیں۔ ایسے تربیتی پروگرام دونوں ممالک اور ان کے طلبہ کے لیے یکساں طور پر مفید ثابت ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش میں لائیوسٹاک کی پیداوار اور استعدادِ کار میں اضافہ ایسے اقدامات کا بنیادی مقصد ہے۔

پنجاب کے کسان گندم، چاول اور دودھ سمیت اہم زرعی و لائیوسٹاک مصنوعات کی قومی پیداوار میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ حکومت پنجاب نے جانوروں کی بیماریوں کے تدارک، گوشت اور دودھ کی بہتر پیداواری صلاحیت رکھنے والی نسلوں کے فروغ اور اعلیٰ معیار کے جینیاتی مادے کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ چھوٹے مویشی پال کسانوں کی مالی معاونت کے لیے لائیوسٹاک کارڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ گزشتہ سال حکومتی پروگراموں کے تحت چار لاکھ جانوروں کی ویکسینیشن اور فربہ سازی کی گئی، جبکہ رواں سال چھ لاکھ جانوروں کو فربہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبے میں خدمات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے جدید مشینری، لیبارٹریوں اور دیگر ضروری آلات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب احمد عزیز تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان لائیوسٹاک، ویٹرنری تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں ایک ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام کا انعقاد دونوں ممالک کے درمیان علمی و پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے دوران طلبہ کو پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر، جدید ویٹرنری طریقہ ہائے علاج، جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص و تدارک اور شعبے میں جاری اصلاحات سے متعلق عملی تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا ہے۔

پاکستان اپنے تجربات اور مہارتیں بنگلہ دیش کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیشی طلبہ یہاں سے حاصل کردہ علم اور تجربے کو اپنے ملک میں بروئے کار لاتے ہوئے لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر جناب محمد اقبال حسین خان نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ، آبائو اجداد اور جدوجہد کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کو اپنی استعدادِ کار اور ٹیکنالوجی میں بہتری لانا ہوگی تاکہ ترقی کی عالمی دوڑ میں آگے بڑھ سکیں۔ہائی کمشنر نے کہا کہ خود کفالت کے حصول کے لیے جانوروں اور پودوں سے حاصل ہونے والی پیداوار میں اضافے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی اور تحقیقی تعاون دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی مثبت علامت ہے۔ انہوں نے ویٹرنری یونیورسٹی لاہور میں بنگلہ دیشی طلبہ کے تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے طلبہ اور اساتذہ باہمی تعاون سے جنوبی ایشیا کے عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر زراعت نے تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے والے بنگلہ دیشی طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔