بوسنیاکی عدالت نےبھارتی تاجر پرمنظم جرائم پرفردجُرم عائد کر دی

India

سراجیوو۔27جنوری (اے پی پی):بوسنیا کی عدالت نے بھارت کی کاروباری شخصیت’ پرمودمِتل ‘پر ایک منظم جرائم پیشہ گروپ کی سربراہی کرنے اور دفترکے غلط استعمال کے الزام پر فرد جرم عائد کر دی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی کاروباری شخصیت پر مودمِتل نے یہ جرائم اس وقت کیے تھے جب وہ ایک کمپنی سپروائزری بورڈ کے سربراہ اور شمال مشرقی شہر لوکاواچ میں کوک پلانٹ کے شریک مالک تھے۔

بھارت کی معروف کاروباری شخصیت لکشمی مِتل کے چھوٹے بھائی پرمود مِتل پر ایک منظم جرائم پیشہ گروپ کا سربراہ رہنے کا الزام ہے جس نے مبینہ طور پر گلوبل اسپٹ کوکسنا انڈسٹریجا لوکاواچ (جی آئی کے آئی ایل) سے ایک کروڑ 10 لاکھ یورو (12 ملین ڈالر) حاصل کرنے میں ان کی مدد کی تھی۔ وہ مقامی حکومت کے ساتھ بوسنیا کے شمال مشرق میں واقع توزلہ کے قریب پلانٹ کے شریک مالک تھے۔ان پرعائد کردہ دیگرالزامات میں 2کروڑ 30 لاکھ یورو کی سرمایہ کاری کرنے میں ناکام ہونے کے باوجود میٹالرجیکل کوک پروڈیوسر کا غیر قانونی طورپرکنٹرول حاصل کرنا شامل ہے ۔

یہ رقم کمپنی میں ان کے 51 فیصد حصص کے بدلے میں 2003 میں سرمایہ کاری کے وعدے کے مطابق نصف سے زیادہ رقم تھی۔ 2019 میں توزلہ کی کینٹنل عدالت نے متل کو جی آئی کے آئی ایل کو مبینہ نقصان پہنچانے پرتقریباً ایک کروڑ10لاکھ یورو جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ جمعرات کو فرد جرم عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عدالت نے ایک بیان میں کہا کہ استغاثہ نے متل اور دیگر بھارتی شہریوں کی ضمانت منسوخ کرنے اور توزلہ میں تحقیقاتی سماعتوں میں بار بار پیش نہ ہونے پران کی دوبارہ گرفتاری کے لیے درخواست دی تھی اورانھیں جیل بھیجنےکی بھی درخواست دائر کی تھی۔