بٹگرام ،محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم کا سلاٹر ہا ئو س کا دورہ اور جانوروں کا معائنہ

125
Department of Livestock

بٹگرام۔ 16 اگست (اے پی پی):صوبائی حکومت کے عوامی ایجنڈا پروگرام کے تحت اور ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک کے اہلکاروں /ویٹرنری ڈاکٹر نے علی الاصبح سلاٹر ہائوس کا دورہ کیا اور مذبحہ خانہ میں لائے گئے جانوروں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سلاٹر ہائوس میں صفائی کے حوالہ سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ مذبحہ خانہ میں صحت مند جانوروں کو ذبح کیا جائے، بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کرنے کی اجازت ہرگز نہ دی جائے، ڈاکٹر کی چیکنگ کے بغیر کوئی جانور ذبح نہ کیا جائے، لائیو سٹاک اہلکار تمام تر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ قبل ازیں ٹی ایم اے بٹگرام کا سینی ٹیشن سٹاف صبح سویرے مین بازار بٹگرام کی صفائی ستھرائی میں مصروف رہا، ماحول صاف رکھنا ہر شہری کی بھی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری ہے، شہری اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ماحول کو صاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔