بچوں کو معیاری تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

195
Deputy Commissioner Sialkot
Deputy Commissioner Sialkot

سیالکوٹ۔8جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ، حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے اہم اقدامات کررہی ہے، اس قسم کے کمرشل اور انڈسٹریل پراجیکٹ کیلئے ماحولیاتی اثرات کی سٹڈی اور این او سی لازمی قرار دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت پر تمام ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا کی بدولت تمام صحت کی سہولیات پر ڈیزیز لوڈ اور ادویات کی ترسیل کے عمل کیلئے قابل بھروسہ اعداد و شمار دستیاب ہیں اور ادویات کی تقسیم کا عمل شفاف ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سب سے بڑا چیلنج سکول سے باہر بچوں کو سکول میں لانا اور داخل بچوں کو ڈراپ آؤٹ کنٹرول کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور سرکاری درسگاہوں میں بغیر فیس اور مفت کتابوں کی تقسیم سے معیاری تعلیم کی سہولت کے فروغ کیلئے اہم قدم ہے تاہم اس سلسلہ میں سول سوسائٹی اور مخیر حضرات کو سکول ایڈاپ کروانے کی پالیسی بھی متعارف کروائی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ کے سرکاری سکولوں میں 4لاکھ بچے، بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ غلام سرور، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر اور ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن ملک اللہ داد نے وفد کو ڈسٹرکٹ منیجمنٹ، ڈویلپمنٹ، ہیلتھ اور ایجوکیشن کے بارے تفصیلی بریفنگ دی اور اراکین کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔