بھارتی حکومت کی فوجی تیاریاں علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں، پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت کی فوجی تیاریاں علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنا زیر غور نہیں، اس سلسلے میں تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر اسرائیل کو تسلیم …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی حکومت کی فوجی تیاریاں علاقائی امن کے لئے خطرہ ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنا زیر غور نہیں، اس سلسلے میں تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ مسئلہ فلسطین حل کئے بغیر اسرائیل کو تسلیم نہیں کرینگے۔ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان کیخلاف بدنیتی پر مبنی بھارتی پروپیگنڈے کا سنجیدہ نوٹس لیں جس کا مقصد نہ صرف پاکستان کو بدنام کرنا ہے ، بلکہ بین الاقوامی فورمزکو سیاسی رنگ دینا اور امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ برطانوی میڈیا ریگولیٹر آفکام کی ارنب گوسوامی کے پاکستان مخالف نفرت انگیز پروگرام کی وجہ سے بھارتی ٹی وی پر جرمانہ عائد کرنا ، بی جے پی حکومت کی پاکستان مخالف مہم کا مظہر ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ یورپین یونین کے ڈس انفو لیب کی رپورٹ کے ساتھ ساتھ ، آف کام کی طرف سے کی گئی کاروائیاں ، پاکستان کے ساتھ بے بنیادبھارتی عداوت سے متعلق ہماری دیرینہ موقف کی واضح ثبوت ہیں۔ ترجمان نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ جھوٹے پروپیگنڈوں کا بطور ریاستی پالیسی کا استعمال ترک کرے۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی نے کہ اب بھارت کو یہ احساس ہو چکا ہوگا کہ ان کی غلط فہمی پھیلانے کی ایسی تمام چالیں ناکام ہونگی۔ترجمان مقبوضہ کشمیر میں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتی ہوئی مخدوش صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اوراپنی داخلی ناکامیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول کے ساتھ کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، بھارتی کو کسی بھی غیر ذمہ دارانہ فعل اور علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے کسی بھی اقدام سے باز رہنے کا مشورہ دیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہمارے بار بار مطالبوں کے باوجود بھارتی حکومت رواں سال 9 اگست کو بھارت کے جودھ پور شہر میں 11 پاکستانی ہندوؤں کی پر اسرار ہلاکت کے سلسلے میں تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔ترجمان نے ہندوستانی حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہوئے بی جے پی حکومت پر زور دیا کہ: المناک واقعے کی جامع تحقیقات کی جائے اور ہمیں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے معیشت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں اور باہمی تعلقات میں اہم پیشرفت کی ہے۔