اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی سرکار کے اقدام کو برقرار رکھنا ایک متعاصبانہ فیصلہ ہے جو مودی کی ہندو توا پالیسیوں کو دوام دینے کے متراف ہے۔ آزاد کشمیر کے صدارتی سیکرٹریٹ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
اس فیصلے سے بھارت کے دنیا کے سب سے بڑی جمہوریت اور نام نہاد سیکولر سٹیٹ ہونے کے دعوئوں کی قلعی دنیا کے سامنے اب کھل کر آشکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ نہ صرف خود بھارت کے قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری ایسے کسی فیصلے کے پابند نہیں ہیں۔
صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا، کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=418828