بھارتی سکھ یاتری مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سالانہ برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے
بھارتی سکھ یاتری مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سالانہ برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):مہاراجہ رنجیت سنگھ کی سالانہ برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے 337 بھارتی سکھ یاتریوں کا دوسرا قافلہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گیا۔یاتریوں کا استقبال متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی (پی ایس جی پی سی) کے حکام نے کیا۔استقبالیہ تقریب میں چیئرمین ای ٹی پی بی قمر الزمان، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق، پی ایس جی پی سی کے صدر سردار رمیش سنگھ اروڑا، ڈپٹی سیکرٹری شرائنز فراز عباس اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
اس موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے یاتریوں کے قیام، طعام اور دیگر سہولیات کے لیے بہترین انتظامات کیے ہیں۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں نوجوان سکھ بھی یاترا میں شریک ہیں جو اپنی مذہبی اور ثقافتی وراثت سے ان کی گہری وابستگی کا مظہر ہے۔چیئرمین ای ٹی پی بی قمر الزمان نے کہا کہ پاکستان مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو ان کے قیام کے دوران محفوظ، پُرامن اور خوشگوارماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ ملک بھر میں اقلیتی عبادت گاہوں کے تحفظ، بحالی اور بہتری کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے بتایا کہ یاتریوں کے لیے سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، رہائش، لنگر، طبی سہولیات، منرل واٹر اور دیگر ضروری خدمات کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی گاڑیاں اور ایمبولینسز بھی قافلے کے ساتھ تعینات کی گئی ہیں۔
دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی اور شیرو مانی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے کئے گئے انتظامات اور مہمان نوازی کوسراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو لاہور میں واقع گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں منعقد ہوگی جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے آنے والے سکھ یاتری شرکت کریں گے۔








