چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر ایم اکمل کا کراچی میں مختلف تحقیقی اداروں کا دورہ

چیئرمین پاکستان سائنس فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر ایم اکمل کا کراچی میں مختلف تحقیقی اداروں کا دورہ

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):پاکستان سائنس فاؤنڈیشن (پی ایس ایف) کےچیئرمین پروفیسر ڈاکٹر ایم اکمل نے کراچی میں پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے قائم کردہ FABLAB اور مختلف ممتاز تحقیقی اداروں کا دورہ کیاجہاں انہوں نے سائنسی سہولیات، جاری تحقیقی منصوبوں اور تحقیق و جدت کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر افشین کے ہمراہ چیئرمین نے ضلع وسطی کراچی کے عزیز آباد میں واقع گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائر سیکنڈری سکول فار بوائز اور کمپری ہینسو گرلز سیکنڈری سکول میں قائم جدید FABLAB کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سینئر پرنسپل پروفیسر عظمیٰ نعیم نے وفد کا استقبال کیا اور FABLAB کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی و تکنیکی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر ایم اکمل نے طلبہ میں جدید تکنیکی مہارتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور مسئلہ حل کرنے کی قابلیت کو فروغ دینے میں FABLAB کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سہولیات نوجوانوں کو مستقبل کے عالمی تکنیکی چیلنجز سے نمٹنے اور پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی جانب گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔چیئرمین پی ایس ایف نے بعد ازاں جامعہ کراچی کے میرین بائیولوجی سینٹر کا دورہ کیاجہاں انہوں نےمختلف مچھلیوں کی اقسام اور ان کی پاکستان کے سمندری وسائل و معیشت میں اہمیت سے متعلق طلبہ کی تحقیق کا جائزہ لیا۔

انہوں نے محققین اور طلبہ سے ملاقات کی، ان کی کاوشوں کو سراہا اور قومی ترقی میں عملی کردار ادا کرنے والی تحقیق پر توجہ دینے کی تلقین کی۔کراچی کے دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر ایم اکمل نے پی ایس ایف کے مالی تعاون سے جاری تحقیقی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا، جن میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، آغا خان یونیورسٹی اوراین ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ انہوں نے محققین اور پراجیکٹ ٹیموں کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں اور منصوبوں کی پیش رفت،کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور متوقع نتائج پر تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ سائنسی تحقیق کو عملی حل اور قومی ترقی و سماجی و معاشی بہتری سے جوڑا جانا چاہیے تاکہ تحقیق کے نتائج براہِ راست عوامی فلاح اور ملکی ترقی میں معاون ثابت ہوں۔میزبان اداروں کے نمائندوں نے پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کی جانب سے تحقیق، اختراع اور طلبہ و سائنس دانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے فراہم کیے جانے والے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ FABLAB اور تحقیقی معاونت کے پروگرام نوجوان محققین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔یہ دورہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے ملک بھر میں سائنس تعلیم، تحقیقی معیار، تکنیکی ترقی اور اختراع کے فروغ کے عزم کا مظہر قرار دیا گیا۔

مزید خبریں