وزیراعظم شہباز شریف سےسوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ کی ملاقات،ایران امریکہ مذاکراتی عمل میں پاکستان کے موثرثالثی کردار کو سراہا

وزیراعظم شہباز شریف سےسوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ کی ملاقات،ایران امریکہ مذاکراتی عمل میں پاکستان کے موثرثالثی کردار کو سراہا

برگن سٹاک۔21جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سےسوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اِگنازیو کاسِس نے برگن سٹاک میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر ملاقات کی اور ایران اور امریکہ کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔

اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔

انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں