بھارت افغان سرحدوں سے سرگرم دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

Khawaja Muhammad Asif
Khawaja Muhammad Asif

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت افغان سرحدوں سے سرگرم دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے، تحریک طالبان کے ناراض گروپ افغان سرحدی علاقوں سے کام کرتے پائے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے کچھ گروپ افغان سرزمین سے دوبارہ متحد ہو گئے ہیں اور انہوں نے پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لہر اس لیے سامنے آئی کہ عمران خان سیکیورٹی کے معاملات سے نمٹنے کے لیے واضح پالیسی نہیں بنا سکے،ہم عمران حکومت کی کمزور پالیسیوں کا شکار ہیں۔

ٹی ٹی پی گروپوں کی تربیت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے وسیع تعاون سے ٹی ٹی پی گروپس امن کیلئے خطرہ ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی اور شورش زدہ علاقوں میں امن بحال کیا۔ وزیردفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ کئے گئے سخت معاہدوں کی وجہ سے پاکستان مشکل معاشی مراحل سے گزر رہا ہے، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔