بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے کہا ہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے بھارت کے سیاسی مقاصد پر مبنی پروپیگنڈے کا بروقت، حقائق پر مبنی اور موثر جواب قابلِ تحسین ہے
بھارت اقلیتوں کے مقدس مقامات کو سیاسی پروپیگنڈے کیلئے استعمال کرنے سے گریز کرے، سینیٹردنیش کمار

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 04 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے کہا ہے کہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے بھارت کے سیاسی مقاصد پر مبنی پروپیگنڈے کا بروقت، حقائق پر مبنی اور موثر جواب قابلِ تحسین ہے۔ بھارت کو پاکستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات سے متعلق گمراہ کن معلومات پھیلانے کے بجائے اپنے ہاں مذہبی عدم برداشت اور اقلیتوں سے روا رکھے جانے والے سلوک پر توجہ دینی چاہیے۔اپنے بیان میں سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری بھارت کی جانب سے ہمارے مقدس مقامات کو سیاسی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں اقلیتوں کے مقدس مقامات کے حوالے سے بے بنیاد دعووں اور غلط معلومات پھیلانے کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں کو درپیش مسائل اور مذہبی عدم برداشت کے واقعات کا جائزہ لینا چاہیے۔سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادریاں اپنے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کے حوالے سے کسی بھی سیاسی مقاصد کے حصول کی کوشش کی حمایت نہیں کرتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہبی عقائد اور عبادات کے حوالے سے آئینی حقوق حاصل ہیں اور مقدس مقامات کو سیاسی تنازعات کا حصہ نہیں بنانا چاہیے۔








