بھارت اور جنوبی افریقہ دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میںبدھ پنجہ آزما ہونگے، دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے جیت کیلئے بیانات، کانٹے دار مقابلے متوقع

82

موہالی ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) بھارت اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ بدھ کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جو دھرم شالا میں کھیلا جانا تھا بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ بھارتی ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض کوئنٹن ڈی کاک انجام دیں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹی ٹونٹی سیریز جیتنے کیلئے بیانات دیئے ہیں اور کھلاڑی سیریز میں عمدہ کارکردگی کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں۔ ماہرین کرکٹ نے بھی دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلوں کی پیشنگوئی کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تین میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 22 ستمبر کو بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔