بھارت غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے باز رہے، تجزیہ کار

Kashmir Solidarity Day
Kashmir Solidarity Day

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تجزیہ کاروں نے مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور بھارتی فوجیوں پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو بطور انسان ڈھال استعمال کرنا بند کریں۔انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیر کو پی ٹی وی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کے عوام جبر اور اپنی سیاسی قیادت کو جیل میں ڈالنے جیسے منفی ہتھکنڈوں سے کبھی شکست نہیں کھائیں گے۔

انہوں نے مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام اقلیتوں کے لیے ایک خطرناک ملک بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے جو بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا بھی کشمیر کے مسائل اور بھارتی مظالم کو ہر فورم پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دنیا جارحانہ بھارتی پالیسیوں سے واقف ہے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت ملے گا۔