بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر کا کولکتہ کا دورہ

نئی دہلی ۔ 29 جنوری (اے پی پی) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے کولکتہ کا دورہ کیا اور ماہرین تعلیم، میڈیا و سول سوسائٹی سمیت معاشرہ کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔ تعلیمی شعبہ میں ہائی کمشنر نے مولانا عبدالکلام آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ایشیئن سٹڈیز کا دورہ کیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین و ڈائریکٹر سے ملاقاتوں کے علاوہ …

نئی دہلی ۔ 29 جنوری (اے پی پی) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے کولکتہ کا دورہ کیا اور ماہرین تعلیم، میڈیا و سول سوسائٹی سمیت معاشرہ کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔ تعلیمی شعبہ میں ہائی کمشنر نے مولانا عبدالکلام آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ایشیئن سٹڈیز کا دورہ کیا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین و ڈائریکٹر سے ملاقاتوں کے علاوہ محققین اور طلباءسے ملاقاتیں بھی کیں۔ محققین اور طلباءسے ملاقاتوں میں پاک۔بھارت تعلقات، سی پیک، سارک اور علاقائی ترقی کے امور کا احاطہ کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے نوجوانوں کے کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا اور کہا کہ مثبت اور تعمیری ماحول کے قیام میں دونوں ممالک کے نوجوان کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کولکتہ یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر کو دیگر امور کے علاوہ یونیورسٹی میں قائم اقبال چیئر اور پاکستان و مغربی ایشیاءسنٹر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے دانشوروں کے مابین روابط کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ اس سے معروضی حالات کی درست تفہیم میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ تعلقات پیچیدہ ہیں اور باہمی تحفظات کا صرف مذاکرات کے ذریعے ازالہ کیا جا سکتا ہے، متنازعہ امور کو باہمی طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں نوجوانوں اور میڈیا کے مثبت کردار کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 72 سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری نہیں آ سکی ہے تاہم دونوں ممالک کو یہ کوشش کرنا ہو گی کہ مستقبل کے 72 سال ماضی کے 72 سالوں سے مختلف ہوں گے۔ انہوں نے اردو اکیڈمی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے اکیڈمی کے ممبران سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر اکیڈمی کیلئے کلیات اقبال اور مختلف موضوعات پر کتابیں پیش کیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے نیشنل لائبریری کا دورہ کیا جو بھارت کی سب سے بڑی لائبریری ہے۔ انہوں نے مدر ہاﺅس کا دورہ بھی کیا اور نوبل انعام یافتہ مدر ٹریسا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے نوبل انعام یافتہ بنگالی شاعر اور ادیب رابندر نا تھ ٹیگور کے گھر کا دورہ بھی کیا۔