بھارت میں کورونا وائرس کے دوران تین لاکھ 32 ہزار سے زیادہ نئے کیس، مزید2255 افراد ہلاک

نئی دہلی ۔23اپریل (اے پی پی):بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد مسلسل دوسرے روز بھی تین لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے کیس سامنے آنے کے بعد بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ62 لاکھ63 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید332175 افراد میں کورونا وائرس …

نئی دہلی ۔23اپریل (اے پی پی):بھارت میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد مسلسل دوسرے روز بھی تین لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ جمعہ کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے کیس سامنے آنے کے بعد بھارت میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ62 لاکھ63 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مزید332175 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 2255 مہلک وائرس سے دم توڑ گئے ہیں۔

بھارت میں مہلک وائرس کا پھیلاو انتہائی تیزی سے جاری ہے، ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 16263695ہوگئی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد 186928 تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت میں نئے یومیہ متاثرین کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔بھارت میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد2428608 ہے۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے بھارت دنیا کا دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ریاستوں میں مہاراشٹر، تامل ناڈو، کرناٹک، آندھرا پردیش اور اتر پردیش شامل ہیں۔

نئی دہلی سمیت ملک کے بڑے شہروں کے ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور بیشتر ہسپتالوں میں آکسیجن کی شدید قلت ہے۔دہلی کے ڈپٹی وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے کہا ہے کہ دارالحکومت کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی بہت زیادہ کمی ہے ۔ انہوں نے بھارت کی مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ دہلی میں ہریانہ اور اترپردیش سے آنے والے آکسیجن کی سپلائی کے لیے ضرورت ہونے پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا جائے ورنہ حالات بہت زیادہ خراب ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دہلی کے آکسیجن کوٹے میں بھی اضافہ کیا ہے لیکن اس کے باوجود حکام ہریانہ اور اتر پردیش کے پلانٹس میں دہلی کی آکسیجن سپلائی روکنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ادھر کینیڈا نے بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بھارت سے آنے والی مسافر پروازوں کی آمد پر پابندی لگادی ہے، یہ پابندی آئندہ 30 روز تک جاری رہے گی۔دریں اثناء کورونا کی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے بھی بھارت سے آنے والی فلائٹس معطل کردیں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت سے آنے والی تمام پروازوں کو معطل کر رہے ہیں۔