اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون نے کہا ہے کہ کشمیر پر بھارتی افواج کا غاصبانہ قبضہ تاریخ کا ایک سیا ہ باب ہے، مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے ، عالمی برادری اس مسئلے کے فوری حل اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے ذمہ دارانہ کردارادا کرے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھائیوں سے ہمارا رشتہ صرف مذہب ،تہذیب اور انسانی بنیادوں پر استوار نہیں بلکہ سرحد کے دونوں جانب کے عوام کے مابین خون کارشتہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیرکے پر امن حل کے لیے پر عزم ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام کو تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک پاکستان کی طرف سے ان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے غیر جانبدرانہ اور منصفانہ حل کے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری عملدرآمد کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارتی آئین سے آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد بھارت کشمیری عوام کی شناخت کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد الیکشن کا جو ڈھونگ رچایا تھا اسے کشمیری عوام نے یکسر مسترد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری اور پاکستانی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔انہوں نے گزشتہ سات دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طرف سے غیر مسلح اجتماعات پر بلااشتعال پیلیٹ گن کے استعمال ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،جنازوں کی بے حرمتی ،بچوں کوپیلٹ گن سے نابینا بنانے کے واقعات ،خواتین کی عصمت دری ،کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کرنے اور کرفیو کے نفاذ کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو بندوق کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے حریت لیڈر سید علی گیلانی، برہان وانی سمیت دیگر نامور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حق خودارادیت کے لیے دی جانے والی شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور کشمیری عوام آزاد فضا میں زندگی بسر کریں گے۔